نئی دہلی،30دسمبر(آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سپریمو شرد پوار نے کہا ہے کہ بی جے پی کو مہاراشٹرکی حکومت گرانے کی کوششوں میں کوئی کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت مستحکم ہے اور وہ اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے ریاست میں حکمراں اتحاد کے لیڈران اور ان کے کنبہ کے افراد کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کاروائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے طاقت کا غلط استعمال قرار دیا۔
ایک انٹرویو میں پوار نے کہاکہ ایک سال ہوچکا ہے (جب سے ٹھاکرے کی زیرقیادت ایم وی اے حکومت اقتدار میں آئی ہے)،انہیں (بی جے پی) نے دو ماہ میں حکومت گرانی تھی، پھر انہیں 6 ماہ کا وقت ملا، مجھے یہ کرنا تھا، پھر آٹھ مہینوں میں لیکن کچھ نہیں ہوگا۔ یہ حکومت مستحکم ہے اور اپنی مدت پورا کرے گی۔شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی ایم وی اے حکومت نے گذشتہ ماہ ایک سال مکمل کیا۔
اتحاد کے شراکت داروں کے مابین نظریاتی فاصلے کی وجہ سے بی جے پی کے بہت سے لیڈران یہ کہتے رہے کہ یہ حکومت نہیں چلے گی۔ 2019 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور شیوسینا ایک ساتھ تھے لیکن وزیر اعلی کے عہدے پر اختلافات کے بعد دونوں پارٹیوں کے مابین اختلافات ہوگئے۔